گلشن اقبال میں خودکش دھماکہ: 72افراد جاں بحق

لاہور: گلشن اقبال پارک کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 72افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔  

لاہورمیں گلشن اقبال پارک کے گیٹ نمبر ایک کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 72افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ صوبائی وزیربلال یاسین نے بھی 51 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

گلشن اقبال پارک کے گیٹ پردھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فاروق اور شیخ زید اسپتال منتقل کردیا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ فاروق اسپتال میں بستروں کی کمی کے باعث زخمیوں کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جب کہ امدادی ٹیمیں جناح اسپتال میں بھی زخمیوں کو منتقل کررہی ہیں جہاں 36 افراد کی لاشیں موجود ہیں۔

جناح اسپتال میں متعدد زخمیوں کو لایا گیا جس کے بعد چھٹیوں پر گئے ڈاکٹروں کو بھی دوبارہ طلب کرلیا گیا اور انتظامیہ کی جانب سے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کی گئی ہے اور شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اسپتال میں جمع نہ ہوں کیوں کہ شدید رش کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔

دوسری جانب دھماکے کے بعد شہر بھرکے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جب کہ جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کردئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹرحیدر اشرف کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے گلشن اقبال پارک کے گیٹ نمبر ایک پر خود کو دھماکے سے اڑایا اوردھماکے کی نوعیت انتہائی شدید تھی جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گلشن اقبال پارک کا کنٹرول پاک فوج نے سنبھالتے ہوئے ریسکیو آپریشن شروع کردیا جب کہ ملٹری پولیس کے دستوں نے بھی پارک کو گھیرے میں لے لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ایک مشکوک شخص جس کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان تھی اور اس کا رنگ گندمی تھا پارکنگ ایریا میں پھر رہا تھا اور وہیں دھماکا ہوا۔

صدر ممنون حسین کا دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف عزم متذلزل نہیں ہوگا جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے سانحہ گلشن اقبال پارک پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جس کے دوران تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

Tags: , , , ,