مکہ: مسجد الحرام میں کرین گرنے سے 100 سے زائد شھید، مزید ھلاکتوں کا خدشہ

مکہ : سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ کی مسجد الحرام میں کرین گرنے سے کم از کم 87 افراد ہلاک جب کہ کم از کم 183 زخمی ہوئے ہیں۔

سعودی سول ڈیفنس نے افسوسناک واقعے میں 87 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے. سعودی حکام نے حرمین شریفین کے اطراف کی سڑکوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق مکہ المکرمہ میں تعمیراتی کام کے لیے نصب کی گئی کرین شدید بارش کی وجہ سے اس وقت گری جب عازمین کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

سوشل میڈیا پر حادثے کی ایک ویڈیو بھی موجود ہے جس میں متعدد افراد کو شدید زخمی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ مسجد کا رقبہ 400000 اسکوائر میٹر بڑھانے کے لیے بڑے پیمانے پر تعمیری کام جاری تھا جس کے بعد مسجد میں ایک وقت میں 22 لاکھ افراد ایک وقت میں نماز پڑھ سکیں گے۔

مسجد کے اردگرد متعدد کرینیں بھی موجود ہیں۔

 

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے حرم شریف میں کرین حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نوازشریف نے حادثے میں جانی نقصان پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ پاکستانی سفیر کو وزیراعظم پاکستان کی طرف سےاسپتالوں میں زخمیوں کی عیادت کی ہدایت بھی کی۔