آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جانے والا دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم

پرتھ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جانے والا دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا ہے۔

پیر کو میچ کے پانچویں اور آخری دن کھانے کے وقفے کے بعد آسٹریلیا نے 385 رنز پر اننگز کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے سامنے جیت کے لیے 48 اووروں میں 321 رنز کا مشکل ہدف رکھا تھا۔

جب میچ ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنائے تھے۔

اس سے قبل سٹیون سمتھ 138 رنز اور ایڈم ووجز 119 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اپنا آخری میچ کھیلنے والے جانسن نے جارحانہ 29 رنز بنائے۔ شائقین پرتھ میں آخری بار جانسن کو بولنگ کرتے دیکھنے کے لیے بےقرار نظر آ رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی نے چار، ٹرینٹ بولٹ نے دو جبکہ بریسویل نے ایک وکٹ لیں۔

 

Image copyrightGetty
Image captionنیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر نے سب سے زیادہ 290 رنز بنائے

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 624 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر 290 اور کین ولیمسن 166 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ راس ٹیلر اس شاندار ڈبل سنچری کے ساتھ ہی آسٹریلیا میں سب سے زیادہ رنز کی اننگز کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

یہ ریکارڈ اس سے قبل فوسٹر کے نام تھا جنھوں نے 287 رنز بنائے تھے۔ راس ٹیلر نے نہ صرف اس دوران ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا بہترین سکور بنایا بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

Image copyrightGetty
Image captionمچل سٹارک کے 21 ویں اوور کی چوتھی گیند کی رفتار سپیڈ ریڈار پر 160.4 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی

تیسرے دن کے کھیل کی ایک اہم بات آسٹریلوی بولر مچل سٹارک کی تیز بولنگ بھی رہی۔ اگر ان کی گیند کی یہ رفتار تجزیے کے بعد برقرار رہے تو یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پھینکی جانے والی تیز ترین گیند ہوگی۔

کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین گیند پھینکنے کا اعزاز پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے پاس ہے جنھوں نے 2003 میں انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میچ میں 161.3 کلومیٹر کی رفتار سے گیند کی تھی۔

آسٹریلیا رواں سیریز میں ایک صفر سے آگے ہے۔

Tags: , , , , , , , ,