کارڈف ٹیسٹ: انگلش ٹیم کی پوزیشن مضبوط

کارڈف: انگلینڈ پہلے ایشز ٹیسٹ کے دوسرے دن معین علی کی آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کیخلاف میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

کارڈف ٹیسٹ کےدوسرے دن انگلینڈ نے 343 رنز سات کھلاڑی آؤٹ سے بیٹنگ شروع کی تو معین علی اور اسٹورٹ براڈ وکٹ پر موجود

تھے۔

معین نے شاندار بیٹنگ کا سلسہ جاری رکھتے ہوئے براڈ کے ساتھ آٹھویں وکٹ کیلئے قیمتی 52 رنز جوڑے، براڈ 18 رنز بنانے کے بعد ناتھن لایون کی وکٹ بنے۔

معین علی آؤٹ ہونے والے نویں بلے باز تھے لیکن اس سے قبل انہوں نے 77 رنز کی شاندار باری کھیلی جس میں گیارہ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

اسٹارک نے جیمز اینڈرسن کو ٹھکانے لگا کر انگلش ٹیم کی بساط 430 رنز پر لپیٹ دی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک پانچ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ جوش ہیزل وڈ نے تین اور لایون نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں آسٹریلیا نے بلے بازی شروع کی تو اوپنرز نے 52 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر ڈیوڈ وارنر 17 رنز بنانے کے بعد جیمز اینڈرسن کی وکٹ بن گئے۔

اسٹیون اسمتھ اور کرس راجرز نے دوسری وکٹ کیلئے 77 رنز جوڑے ہی تھے کہ معین علی نے کپتان ایلسٹر کک کی مدد سے اسمتھ کو قابو کر لیا۔

راجرز نے دوسرے اینڈ سے شاندار بلے بازی جاری رکھی لیکن 95 کے اسکور پر وہ مارک وڈ کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

اس سے قبل کہ 33 رنز بنانے والے مائیکل کلارک انگلینڈ کیلئے مزید خطرہ ثابت ہوتے، معین نے انہیں اپنی گیند پر کیچ کر کے پویلین واپسی کا پروانہ تھما دیا۔

آسٹریلیا کو پانچواں نقصان کرس راجرز کی صورت میں پوا جو 31 رنز بنانے کے بعد بین اسٹوکس کی وکٹ بنے۔

جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے پانچ وکٹ کے نقصان پر 264 رنز بنائے تھے، شین واٹسن 29 اور نائٹ واچ مین لایون چھ رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کو ابھی بھی انگلینڈ کی پلی اننگ کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 166 رنز درکار ہیں۔