جھاڑو پھیر کر صفائی مہم کا افتتاح ، حکومت مدت پوری کرے نہ کرے ،میاں صاحب کا پتہ نہیں کب خودکشی کرلیں:عمران خان

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جھاڑ و پکڑ کر کلین اینڈ گرین پشاور مہم کا آغا کردیا اور کہا ہے کہ میاں صاحب کا پتہ نہیں کب خودکشی کرلیں پتہ نہیں حکومت مدت پوری کرتی بھی ہے یا نہیں لیکن بعد میں احساس ہونے پر کہاکہ وہ کہنانہیں چاہتے تھے لیکن یہ منہ سے نکل گیا ، پاکستان کے پاس سب سے زیادہ یوتھ فورس ہے ۔ خیبر پختونخوا پورے پاکستان کیلئے رول ماڈل ہوگا، پاکستان میں گندگی پر افسوس ہوتاہے ، ایک سال بعد ہمیں انتخابی مہم کی ضرورت نہیں ہوگی۔
کلین اینڈ گرین رضا کارفورس کا افتتاح کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 19 سال سیاست کی ، پاکستان کا کوئی علاقہ ایسا نہیں ہے جو میں نے نہ دیکھا ہولیکن مجھے پاکستان کے شہروں اور دیہاتوں میں گندگی دیکھ کر بہت افسوس ہوا۔ یورپ میں جب کرکٹ کھیلتا تھا تو وہاں کہیں بھی گندگی نہیں ہوتی تھی۔گندہ پانی پینے کی وجہ سے ہرسال پاکستان میں 2 لاکھ بچے مرجاتے ہیں،صفائی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میاں صاحب کا پتہ نہیں کب خودکشی کرلیں پتہ نہیں حکومت مدت پوری کرتی بھی ہے یا نہیں۔ اگر 2018 تک ہماری حکومت چلتی رہی تو خیبر پختونخوا میں ایک ارب 20 کروڑ درخت لگائیں گے۔ آج ہم نے جو کام کیا وہ بہت پہلے کردینا چاہیے تھا اب تک ہم 10 کروڑ درخت لگاچکے ہیں اور مارچ کے آخر تک 25 کروڑ درخت لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا میں سب سے زیادہ یوتھ فورس ہے ، پاکستان میں 60 فیصد لوگ 25 سال سے کم ہیں۔ حکومت اور عوام کے اکٹھا ہونے سے ملک چلتا ہے ہم اس یوتھ فورس کو قوم کی تعمیر میں استعمال کریں گے کوئی طاقت اس ملک کو آگے جانے سے نہیں روک سکتی۔
پشاور پھولوں کا شہر ہوتا تھا یہاں کاپانی منرل واٹر کی طرح تھا اور لوگ بوتلوں میں پانی بھر کر ملک کے دیگر حصوں میں لے جاتے تھے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ شہر کی ساری خوبصورتی ختم کردی گئی ہے ۔ ہم دوبارہ سے پشاور کو پھولوں اور باغات کا شہر بنائیں گے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو ہدایت کی کہ محکمہ اوقاف کی زمینوں سے قبضہ ختم کرایا جائے اور شہری علاقوں میں موجود اوقاف کی زمینوں پر پارکس بنائے جائیں

Tags: , , , , ,