پی ٹی آئی کا ڈان ضیاءاللہ آفریدی کرپشن کے الزامات میں گرفتار

پشاور: خیبر پختون خوا حکومت کی جانب سے انسداد کرپشن اور احتساب کے لیے حال ہی میں قائم ہونے والے کمیشن نے اپنی پہلی کارروائی  میں صوبے کی حکمران جماعت تحریک انصاف کے وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی کو گرفتار کرلیا ہے۔

دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے مائن اینڈ مینرل سیکنڈل میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماء اور سابق وزیر معدنیات محمود زیب، سابق سیکرٹری معدنیات شاولی ،کمشنر بنوں عصمت، جیالوجسٹ نوریز، سابق وزیر کے فرنٹ مین اختشام اور ڈائریکٹر لاسنز سمیت 10 کو گرفتار کیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان نے ایبٹ آباد میں پانچ سو ایکڑ اراضی صرف چودہ ہزار روپے پر تیس سال کے لئے لیز پر دی اور ان پر مذکورہ اراضی سے غیر قانونی طور پر پچاس ہزار ٹن معدنیات بھی نکالنے کا الزام ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر محمود زیب اور گرفتار ہونے والے دیگر نو افراد نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔