منیٰ میں بھگدڑ، ہلاکتوں کی تعداد 753 ہوگئی، مزید کا خدشہ

منیٰ: مکہ کے قریب منیٰ میں بھگدڑ مچنے کے باعث 753 سے زائد حجاج جاں بحق ہوگئے ہیں۔

جمعرات کے روز سعودی سول ڈیفنس اتھارٹی کے مطابق بھگدڑ کے دوران 800 سے زائد حجاج زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ٹیلی ویژن رپورٹس میں ڈائریکٹر جنرل حج ابو عاکف کے حوالے سے بتایا گیا کہ سانحے میں سات پاکستان بھی جاں بحق ہوئے جبکہ دو پاکستانیوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

بشکریہ سعودی سول ڈیفنس ٹوئٹر اکاؤنٹ۔بشکریہ سعودی سول ڈیفنس ٹوئٹر اکاؤنٹ۔

عرب نیوز کے مطابق واقعہ منیٰ کی اسٹریٹ نمبر 204 میں پیش آیا۔

اتھارٹی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ سانحے کے بعد 4000 ریسکیو اہلکار اور 200 ایمبولینسز امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق حادثہ مکتب نمبر93 کے قریب پیش آیا جہاں زیادہ تر الجزائر کے شہری مقیم تھے۔

سانحے کے بعد تمام قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ریسکیو کا کام جاری ہے جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری بھی جاری ہے۔

منٰی مکہ سے باہر تقریباً پانچ کلو میٹر دور واقعہ ہے جہاں مناسکِ حج کی ادائیگی کے لیے جاتے ہیں۔

آخری مرتبہ 2006 میں حج کے دوران بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں 346 افراد جاں بحق جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ رواں سال حج کے دوران یہ دوسرا بڑا سانحہ ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں پیش آئی ہیں۔

اس سے قبل رواں ماہ گیارہ ستمبر کو مسجد الحرام میں کرین گرنے  کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں گیارہ پاکستانیوں سمیت کم از کم 107 افراد جاں بحق جبکہ 238 زخمی ہوگئے تھے۔

سعودی شہر مکہ میں حج کی ادائیگی کے لیے 20 لاکھ سے زائد حاجی موجود ہیں۔ اے پی تصویر۔سعودی شہر مکہ میں حج کی ادائیگی کے لیے 20 لاکھ سے زائد حاجی موجود ہیں۔ اے پی تصویر۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق منیٰ حادثے کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں جبکہ اس حوالے سے سعودی عرب سے رابطے میں ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے منیٰ حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

نوازشریف نے پاکستانی سفیر کو اسپتالوں میں زخمیوں کی عیادت کی ہدایت کی جبکہ منیٰ حادثے میں شہید ہونے والے حجاج کے ورثا سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

ادھر منیٰ میں حادثے کے بعد ایمرجنسی ہیلپ لائن کا نمبر جاری کردیا گیا ہے۔

عزیزوں کی معلومات اس نمبر پر لی جاسکتی ہے،

00966125458000
بشکریہ ڈان نیوز 

Tags: