کرکٹ سیریز پر بات چیت کیلئے بھارت جانیوالے،شہریار اور سیٹھی کو شیو سینا کی ’’سلامی‘‘علیم ڈار پرسوں کے میچ کی امپائرنگ سے فارغ

ممبئی/نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن ،اائی این پی ،اے این این ) بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی اتحادی دہشتگرد تنظیم شیو سینا نے ایک بار پھر بھارت کی ناک کٹوا دی ،پی سی بی کے سربراہ شہریار خان کی موجودگی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر دھاوا بول کرپاک بھارت کرکٹ کی بحالی سے متعلق ہونے والے مذاکرات سبوتاژ کر کے کرکٹ بورڈز کی سربراہی ملاقات منسوخ کر وادی،بھارتی کرکٹ بورڈکے حکام کے انتہاء پسندوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے،پاکستانی امپائرعلیم ڈار کوبھارت اورجنوبی افریقہ کے درمیان اتوارکوپانچویں ایک روزہ میچ کی امپائرنگ کرنے سے روک دیا گیا،دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کی تمام ترامکانات مخدوش ہوگئے،ادھر آئی سی سی سمیت دنیا بھر میں کرکٹ سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں کا واقعہ پر افسوس کا اظہار،دہشت گرد تنظیم کو کھلی چھوٹ دینے پر مودی پر تنقید،بھارت کی اپوزیشن جماعتوں نے بھی مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزشیو سینا کے غنڈے مرکزی گیٹ توڑ کر کرکٹ ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہوئے،’’شہر یار واپس جاؤ‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ہندو انتہا پسند وں نے بھارتی بورڈ کے صدر شاشانک منوہر کو گھیرے میں لے کر ہلڑ بازی اوردفتر میں توڑ پھوڑ کی، دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت(آج) نئی دہلی میں ہوگی۔بھارتی میڈیا کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریارخان اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر شاشانک منوہر کی دعوت پر بھارت میں موجود ہیں اور بی سی سی آئی ہیڈکوارٹر میں دونوں سربراہان کرکٹ کے درمیان ملاقات جاری تھی کہ اس دوران انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا کے کارکن نعرے لگاتے ہوئے اندرداخل ہوگئے اورجاری ملاقات کو روک دیا۔ چند مشتعل افراد نے شاشانک منوہرکا گھیرا کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کو واپس جانے کا کہتے رہے اوراس دوران پاکستان مخالف نعرے بھی لگائے گئے،شیو سینا کے غنڈے ’’ شہر یار واپس جاؤ‘‘ کے نعرے لگاتے رہے ۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ رواں سال دسمبر میں پاک بھارت سیریز سے متعلق چیئرمین پی سی بی کو دورے کی دعوت دی گئی تھی جب کہ پی سی بی کا کہنا تھا کہ بھارت نے 8 سال کے دوران 6 دوطرفہ سیریز کا وعدہ کر رکھا ہے جس کے تحت رواں سال دسمبر میں پاک بھارت سیریز ہونا تھی جسے حتمی شکل دینے کے لئے بھارتی دعوت پر چیئرمین پی سی بی بھارت گئے تھے۔دوسری جانب انتہا پسند ہندوں کے دھاوے کے بعد خطرے کے پیش نظر پاک بھارت کرکٹ سربراہان کے درمیان ملاقات منسوخ کردی جب کہ شیو سینا کے بی سی سی آئی ہیڈکوارٹر پر دھاوے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ہیڈکوارٹر کی سیکیورٹی کا پول بھی کھل گیا اور مہمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویئے سے بھارت میں تیزی سے پھیلتی انتہا پسندی بھی ایک مرتبہ پھر سامنے آگئی۔اب پاکستان اور بھارت کے کرکٹ سربراہان کے درمیان ملاقات(آج) منگل کو نئی دہلی میں ہو گی۔شیوسینا کے مشتعل غنڈے ہیڈکوآرٹر کا گیٹ توڑ کر گھس گئے اور ہنگامہ آرائی کی ، شیوسیناکے غنڈوں نے پاکستان مخالف بینرز اٹھارکھے تھے ۔ پولیس نے متعد ہندو انتہا پسند مظاہرین کو گرفتار کر لیا جنھیں بعدازاں رہا کر دیا گیا ۔ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے بھارتی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت دو ماہ بعد پاک بھارت سیریز ہونی تھی ، بھارتی کرکٹ بورڈ کی دعوت پر بھارت آیا ہوں ۔ادھر چیف ایگزیکٹو آئی سی سی ڈیوڈ رچرڈسن نے واقعہ پر افسوس کا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک کو باہمی تعاون کو فروغ دینا چائے ، بھارت اور پاکستان کو مل بیٹھ کر معاملات طے کرنے چاہئیں۔دوسری جانب آئی سی سی کے صدر اور سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس نے پی ٹی وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی کے دفتر پر حملہ قابل مذمت ہے لیکن آئی سی سی اس حملے کا نوٹس نہیں لے سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پاک بھارت کرکٹ سیریز منسوخ ہوتی ہے تو اس کے نتائج انتہائی خراب ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق شیو سینا کے کارکنوں کی جانب سے بی سی سی آئی کے دفتر پر دھاوے کے بعد سکیورٹی کے خدشات کے سبب پاکستانی وفد انہیں ہوٹل میں رہنے کے لیے کہا گیا۔بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی جانب سے بھی شیو سینا کے حملے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ریاست لدھیانہ سے منتخب رکن پارلیمنٹ اور سابق وزیراطلاعات منیش تیواری کا کہنا تھا کہ مہاراشٹرا میں امن و امان مکمل طور پر مفلوج ہوکررہا گیا ہے جب کہ غلام علی، خورشید محمود قصوری اور اب شہریار خان کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ افسوسناک ہے کیا مہمانوں کے ساتھ اس طرح پیش آیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل سابق پاکستانی وزیرخارجہ خورشید محمود قصوری کی کتاب کی رونمائی سے قبل انتہا پسندوں نے کتاب کے آرگنائزر کے چہرے پر کالک مل دی تھی اور اسی واقعے سے دو روز قبل شدت پسند تنظیم شیو سینا کی دھمکیوں کے بعد پاکستانی غزل گائیک استاد غلام علی کا ممبئی میں طے شدہ کنسرٹ منسوخ کردیا گیا تھا۔

Tags: , , , , , , , , , ,