خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی

پشاور(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی جب کہ چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں کم ازکم 19 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔آزاد کشمیر اور پنجاب سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں کم از کم 19 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے سے کئی مکانات تباہ جب کہ متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔آزاد کشمیر کے شہر مظفر آباد کے محلہ طارق آباد میں شدید بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور 2 بچے جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ مظفر آباد کے علاقے سلی سچہ میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک رہائشی مکان تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک ہی خانداد کے 6 افراد ملبے تلے دب گئے۔ راولا کوٹ کے علاقے حویلی میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔مظفر آباد میں ہی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 8 مکانات تباہ ہو گئے جبکہ ہڈا ہاری نالے میں طغیانی کے باعث پانی بائی پاس باراز کی دکانوں میں داخل ہونے سے تاجروں کا لاکھوں روپے مالیت کا سامان ضائع ہو گیا۔ آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کوہالہ روڈ سمیت دیگر رابطہ سٹرکیں بند ہو گئیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔قبائلی علاقے سینٹرل کرم ایجنسی گندال میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون، 2 بچے اور 3 لڑکے شامل ہیں۔لوئر دیر میں بھی تیز بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ مقامی افراد کی جانب سے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ شدید بارش کے باعث کڑاکڑ پہاڑی سے پتھر گرنے سے بونیرسوات روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہوگیا۔