حج کا ماحول خراب کرنیوالوں سے سختی سے نمٹیں گے ،ولی عہد

عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے پر سکون ماحول مہیا کیا جائے ،سعودی شاہ سلمان کی ہدایت




مکہ مکرمہ( این این آئی) سعودی ولی عہد اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ محمد بن نائف نے خبردار کیا ہے کہ حج کا ماحول خراب کرنے، اس کی حرمت کو مجروح کرنے اوراس کے تقدس کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی، امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے اورغیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی، عازمین حج اپنی تمام تر توجہ عبادت اور مناسک حج کی ادائیگی پر دیں اور غیر قانونی سرگرمیوں ،نعرے بازی اور غیر قانونی اجتماعات سے گریز کریں ۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز جدہ میں سپریم حج کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ہدایت کی کہ عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے پر سکون ماحول مہیا کیا جائے ، اس مقصد کے لئے انہیں بہترین خدمات اور تمام ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں اور ان کی سیکورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں ۔