پاک فوج کے اعلٰی افسر کو رنگ روڈ پشاور پرنماز جمعہ کی ادائیگی کے وقت قتل کردیا گیا

پشاور(صباح نیوز) صوبائی دارالحکومت پشاور میں گزشتہ دنوں بجلی کے میٹر پر تنازعہ کے دوران سات افراد کے قتل کے ایک روز بعد نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پاک فوج کے ایک اعلیٰ افسر کو شہید کر دیا ۔واقعہ کے بعد صوبائی دارالحکومت پشاور میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور واقعہ کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ابتدائی طور پر یہ دہشت گردی کا واقعہ معلوم نہیں ہوتا ہے تاہم پولیس نے یہ بھی نہیں بتایا ہے کہ کرنل طارق کے خاندان کا کسی سے کوئی جھگڑا رہا ہے یا نہیں ۔پولیس کے مطابق رنگ روڈ پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے پاک فوج کے کرنل طارق غفور کو شہید کردیا۔سابق آئی جی فرنٹئر کور میجر جنرل فضل غفور کے صاحبزادے اور پاک فوج کے کرنل طارق غفور نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے مسجد جا رہے تھے کہ رنگ روڈ پر سربند تھانے کی حدود میں گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے کرنل طارق موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ کرنل طارق غفور کو سر میں دو گولیاں ماری گئیں اور ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ۔ایس ایس پی پشاور نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کرنل طارق ان دنوں چھٹیوں پر تھے اور وہ اپنے پٹرول پمپ سے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے جا رہے تھے کہ انھیں نشانہ بنایاگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر تو واقعہ دہشت گردی معلوم نہیں ہوتا تاہم مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

Tags: , ,