دوسرے لوگ انٹرنیٹ پر آپ کے بارے میں کتنی معلومات دیکھ سکتے ہیں؟ گوگل کا نیا فیچر

سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک) موجودہ دور میں انٹرنیٹ کا استعمال زندگی کا لازمی جزو بن چکا ہے اور ایسے میں انٹرنیٹ کے ذریعے ذاتی معلومات ناپسندیدہ عناصر کے ہاتھ لگ جانا بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ گوگل نے اس ضمن میں بڑا قدم اٹھاتے ہوئے نئی سہولت متعارف کروادی ہے جس کے ذریعے آپ جان سکتے ہیں کہ انٹرنیٹ پر آپ کے متعلق دیگر افراد کس حد تک جان سکتے ہیں اور آپ کی کون سی ذاتی معمولات دوسروں کے لئے دستیاب ہیں۔

گوگل کا کہنا ہے کہ اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ آن لائن کیسے نظر آتے ہیں تو اس کے لئے اپنے تمام سوشل میڈیا پروفائلز کو کنگھالنے کی ضرورت نہیں کیونکہ اب یہ تمام معلومات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔ اس مقصد کےلئے About Me نامی ایک نیا پیج متعارف کروایا گیا ہے جس پر وہ تمام معلومات ظاہر کی جاتی ہیں جو دوسرے لوگ گوگل پر آپ کے متعلق سرچ کرسکتے ہیں۔ آپ یوٹیوب، جی میل اور گوگل ڈاکس جیسی ویب سائٹوں کے ذریعے جو بھی معلومات گوگل کے حوالے کرچکے ہیں وہ اس پیج پر دستیاب ہوں گی۔
اگر آپ پہلے ہی گوگل پلس پیج رکھتے ہیں تو یہ معلومات اس پیج کے ذریعے فراہم کی جائیں گی جبکہ گوگل آپ کو اس پیج پر موجود معلومات کو تبدیل کرنے کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ یہاں آپ اپنے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات کو ظاہر کرنے یا چھپانے کی آپشن استعمال کرسکتے ہیں۔ About Me پیج پر نام اور تاریخ پیدائش ڈیلیٹ نہیں کی جاسکتی البتہ پیدائش کا سال چھپایا جاسکتا ہے۔ اسی طرح تصویر کو ختم نہیں کیا جاسکتا البتہ اسے اپنی مرضی کے مطابق تبدیل ضرور کیا جاسکتا ہے۔

Tags: , , , , ,