آئی ایس آئی کے سابق سربراہ حمید گل انتقال کرگئے

آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل 79 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کو برین ہیمرج ہوا تھا اور حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مری کے سی ایم ایچ منقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
خرابی صحت کی بناء پر حمید گل کچھ عرصے سے مری میں قیام پذیر تھے۔
حمید گل 20 نومبر 1936 کو سرگودھا میں پیدا ہوئے ۔۔ حمید گل نے اکتوبر 1956 میں فوج میں کمیشن حاصل کیا، جبکہ 65 کی جنگ کے موقع پر وہ چونڈہ کے محاذ پر ٹینک کمانڈر تھے ۔
وہ 1968-69 میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرتربیت رہے، جس کے بعد 1972 سے 76 تک بٹالین کمانڈر اور 1978 میں انہیں ترقی دے کر بریگیڈیر بنایا گیا۔
اس کے بعد وہ بتدریج ترقی کرکے بہاولپور کے مارشل لا ایڈمنسٹریٹر اور ملتان کے کور کمانڈر رہے۔
1987 سے 1989 تک آئی ایس آئی کے سربراہ رہے جس دوران سوویت یونین کی افغانستان جارحیت کے حوالے سے ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا۔
انہیں اسلامک ڈیموکریٹک الائنس کا ماسٹر مائنڈ بھی مانا جاتا ہے۔
ملک کے خدمات پر انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے نوازا گیا جبکہ وہ 1992 میں فوج سے ریٹائر ہوئے۔

