پاکستان نے گوروں کو اپنے دیس میں شکست دی، پہلے ٹیسٹ میں واضح برتری کیساتھ جیت

لندن: پاکستان نے لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دے دی ہے۔

لارڈز کےمیدان پر پاکستان نے 20 سال بعد انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان کے طے کردہ ہدف 283 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 207 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی اور اس طرح پاکستانی ٹیم نے تاریخی کامیابی حاصل کی اور 4 میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی۔

میچ جیتنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے لارڈز کے میدان میں پش اپس کے ذریعے پاک فوج کے ٹرینرز کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

میچ کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کےکپتان مصباح الحق لارڈز ٹیسٹ کی جیت عبدالستار ایدھی کےنام کردی۔

کپتان کا انگلینڈ کےخلاف کامیابی پر کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں نے ذہنی مضبوطی کا مظاہرہ کیا اور بہترین کھیل پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پش اپ کر آرمی ٹرینر کو پیغام دیا تھا کہ ہم بھولے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یقین تھا کہ ہم پہلی اننگز میں 300 سے زیادہ رنزبنالیں تو میچ کا نتیجہ ہمارے حق میں ہوگا۔

اس سے قبل میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 214 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کیا تو قومی ٹیم کے ٹیل اینڈرز انگلش بولرز کا زیادہ دیر تک سامنا نہ کر سکے اور صرف ایک رنز کے اضافے کے بعد پوری ٹیم 215 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں اسد شفیق نے سب سے زیادہ 49 اور سرفراز احمد نے 45 رنز اسکور کئے، یاسر شاہ نے 30 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ یونس خان صرف 25 رنز ہی بنا سکے۔ کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 5 جب کہ اسٹورٹ براڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے 4 ٹیسٹ میچز سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مصباح الیون نے پہلی اننگز میں 339 اور دوسری اننگز میں 215 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 272 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔

Tags: , , , ,