پھلوں کا زیادہ استعمال موٹاپے سے نجات میں مددگار

امریکہ میں ایک طبی تحقیق کے مطابق اسٹرابیری اور سیب کا بکثرت استعمال موٹاپہ سے نجات میں حیران کن طور پر مددگار ہے. ھارورڈ میڈیکل سکول کے مطابق اسکا زیادہ استعمال یقینی طور پر موٹاپے کو ختم کرنے میں مفید ہے.
محققین کے مطابق اس کی وجہ پھلوں میں پائے جانے والا قدرتی جز فلیونوئڈز ہے جو جسمانی وزن میں کمی کے لیے اہم ہے۔

اس تحقیق کے دوران ایک لاکھ سے زائد افراد میں 25 سال کے عرصے تک فلیونوئڈز کے اثرات کا جائزہ لیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ اسٹرابریز، سیب، ناشپاتی اور مالٹوں میں پائے جانے والا یہ جز زبردست اثرات مرتب کرتا ہے، جبکہ چائے اور پیاز بھی فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔

روزانہ ان کا ایک اضافی حصے کا استعمال 4 سال کے دوران 100 گرام وزن کم کرتا ہے اور اگر 5 سال تک اس معمول کو برقرار رکھا جائے تو وزن میں آدھا کلو سے زیادہ کمی کی جاسکتی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ کچھ مقدار میں بھی جسمانی وزن میں کمی صحت کو بہتر بناتی ہے اور ذیابیطس، کینسر، بلڈ پریشر اور شریانوں کے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو لوگ زیادہ پھل یا سبزیوں کا استعمال نہیں کرسکتے وہ سیب، ناشپاتی یا بیریز کی کچھ مقدار کو کھانا عادت بنالیں تو وہ یہ فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

یہ تحقیق طبی جریدے برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہوئی۔

Tags: , , , , , , , ,