عامر کے ساتھ کھیلنے سے انکار کے بعد حفیظ انکے باؤلنگ کا سامنا بھی نہ کرسکے

ڈھاکا: محمد عامر بنگلہ دیش پریمئر لیگ (بی پی ایل) میں اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں انھوں نے چٹاگانگ وائکنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ کو بھی اپنی باؤلنگ کا شکار بنایا۔

محمد عامر نے بی پی ایل میں چٹاگانگ وائکنگز کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کو آؤٹ کرنے کے بعد منگل کو ڈھاکا ڈائنامیٹس کی جانب سے کھیلنے والے حفیظ کی وکٹ بھی حاصل کرلی۔

محمد عامر نے اس میچ میں 18 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں لیکن اپنی ٹیم کو شکست سے نہیں بچاسکے۔ ان کی ٹیم 121 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

واضح رہے کہ حفیظ نے چٹاگانگ وائکنگز میں عامر کی موجودگی کے باعث اس کے کانٹریکٹ کو مسترد کرنے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ اطلاعات کے مطابق کچھ عرصے قبل تجربہ کار بلے باز نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بھی فاسٹ باؤلر کے ساتھ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔

محمد حفیظ 8 گیندوں پر 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ان کی ٹیم نے 121 رنز کا کامیاب دفاع کیا اور میچ 45 رنز سے جیت لیا۔

حفیظ کا دو روز قبل ہی ڈھاکا کی ٹیم سے معاہدہ ہوا جس کے بعد وہ بی پی ایل میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش پہنچے ہیں۔

Tags: , , , ,