‘مفت اور معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جائے’

واشنگٹن: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے عالمی بینک اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے نئے ملینئم گولز میں تعلیم پر توجہ میں اضافہ کریں۔

ملالہ یوسف زئی نے عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ گزشتہ سال جاری کیے جانےوالے اقوامِ متحدہ کے باضابطہ مستحکم ترقیاتی گولز کے آنے والے پیکیجز پر تبادلۂ خیال کیا۔

یاد رہے کہ 2012ء میں لڑکیوں کی تعلیم کی حمایت پاکستان کی طالبہ ملالہ یوسف زئی پر جان لیوا حملہ کیا گیا تھا، جس میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

ملالہ نے عالمی بینک کے صدر کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ’’یہ نہایت اہم ہے کہ ہم سیکنڈری تعلیم سے محروم لڑکیوں کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’لڑکوں اور لڑکیوں کو ان کی بھرپور صلاحیتوں کے حصول میں مدد کرنے کے لیے ہمیں اس مستحکم ترقیاتی گولز کو یقینی بنانا چاہیے۔ ساتھ ہی ہمیں تمام بچوں بالخصوص لڑکیوں کے لیے بارہ برس کی معیاری اور مفت تعلیم کے فنڈ کو بھی یقینی بنانے کا عزم کرناچاہیے۔‘‘