دبنگ خان ‘ھٹ اینڈ رن’ مقدمے میں بری

ممبئی: ممبئی ہائی کورٹ نے بولی وڈ اداکار سلمان خان کو ‘ہٹ اینڈ رن’ کیس سے بری کردیا.

واضح رہے کہ سلمان خان پر الزام ہے کہ وہ ستمبر 2002 کی ایک رات ممبئی میں شراب پی کر گاڑی چلاتے ہوئے کنٹرول کھو بیٹھے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے، بعد ازاں وہ جائے حادثہ سے فرار ہوگئے۔

سلمان خان کے خلاف قتل، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے، املاک کو نقصان پہنچانے اور نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلانے سمیت آٹھ الزمات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ استغاثہ سلمان خان پر کوئی بھی الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا.

عدالت کے مطابق،” استغاثہ یہ ثابت نہیں کر سکا کہ حادثے کے وقت سلمان خان ہی گاڑی چلا رہے تھے اور وہ اُس وقت نشے میں تھے.”

عدالت کا کہنا تھا کہ “اس بات سے قطع نظر کہ ایک عام آدمی کس انداز سے سوچتا ہے، لیکن استغاثہ کی جانب سے فراہم کیے گئے ان شواہد کی بناء پر کسی کو جرم کا مرتکب قرار نہیں دیا جاسکتا.”

عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ عینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ پر نہیں لائے گئے.

سماعت کے موقع پر سلمان خان بھی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے.

 

Tags: , , , , , ,