آسٹریلین اوپن ویمنز سنگل فائنل : دفاعی چیمپئین سرینا ولیمز کو اپ سیٹ شکست

میلبورن:جرمنی کی ٹینس اسٹار اینجلیق کربر نے عالمی نمبر ایک امریکا کی سرینا ولیمز کو آسٹریلین اوپن ویمنز سنگلز کے فائنل میں شکست دے دی۔

اینجلیق کربر نے سرینا ولیمز کو 4-6، 6-3 اور 4-6 سے اعصاب شکن مقابلے میں زیر کرکے 1999 کے بعد آسٹریلین اوپن جیتنے والی پہلی جرمن کھلاڑی بن گئیں جبکہ یہ ان کے کیرئر کا پہلا گرینڈ سلم ٹائٹل ہے۔

6 مرتبہ کی آسٹریلین اوپن چمپیئن سرینا ولیمز فائنل کے لیے فیورٹ تھیں جبکہ انھیں جرمنی کی سابق کھلاڑی اسٹیفی گریف کے 22 سنگلز گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کرنے کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے اس میچ میں کامیابی ضروری تھی تاہم اینجلیق کربر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چمپین کو ناکام بنا دیا۔

28 سالہ اینجلیق کربر کا کامیابی کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ”جب میں پہلے مرحلے کا میچ کھیل رہی تھی تو میں مشکلات کا شکار تھی اور میرا ایک پاؤں جرمنی واپسی کے لیے جہاز میں تھا”۔

ان کا کہنا تھا کہ”سرینا کے خلاف فائنل کو میں نے دوسرا موقع سمجھ کر کھیلا اور کامیابی حاصل کرنا میرے خواب کی تکمیل تھی اور اب میں کہہ سکتی ہوں کہ میں گرینڈ سلیم چمپیئن ہوں جو میرے لیے بڑے فخر کی بات ہے”۔

اس سے قبل کربر کی بڑے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی 2011 کے یو ایس اوپن اور 2012 کے ویمبلڈن کے سیمی فائنل تک رسائی تھی۔

دوسری جانب سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ” میں اینجلیق کی کامیابی پر خوش ہوں کیونکہ وہ لمبے عرصے سے یہاں ہیں اور ان کے رویے سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے تحمل سے رہا جا سکتا ہے”۔

مینز سنگلز کا فائنل عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ اور اینڈی مرے کے درمیان اتوار کو ہوگا۔

Tags: , , , , ,