ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی طرف سے کھلاڑیوں میں سکواش ریکٹس کی تقسیم

پشاور(صباح نیوز) پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر اختر نواز کی طرف سے مختص کئے گئے 25 سکواش ریکٹس پی ایس بی محب اﷲ خان سکواش اکیڈمی کے کھلاڑیوں میں تقسیم کئے گئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس رشیدہ غزنوی نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پی ایس بی ڈاکٹر اختر نواز نے یہ اچھا اقدام اٹھایا ہے جن میں کھلاڑیوں کو بہترین سکواش ریکٹس دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کا قیام 2006 میں ہوا لیکن محب اﷲ خان کے آتے ہی اکیڈمی اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگئی اور اس کے کھلاڑیوں نے مختلف گروپس میں اپنا لوہا منوایا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ محب اﷲ خان کی ذاتی کوشش اور کوچز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے کہ پی ایس بی محب اﷲ خان اکیڈمی ملکی سطح پر اپنا علیحدہ تشخص قائم رکھے ہوئے ہے ۔