بھارت معاہدے کی پاسداری کرے اور عرب امارات آکر سریز کھیلے :شہر یار خان

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )قومی کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان نے کہا ہے عرب امارات میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں،بھارت کو معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے یہاں آکر ہی کھیلنا چاہیے ۔ان کا کہنا ہے کہ سریز نہ ہونے سے مشکلات کا سامنا تو ہوگا لیکن پاکستان کو بھارت جا کر نہیں کھیلنا چاہیے ،وزیر اعظم تمام صورتحال سے آگاہ ہیں اور ان کے فیصلے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے ۔لاہور میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی نے معاہدہ کیا تھا کہ وہ عرب امارات میں آکر کھیلیں گے ۔ عرب امارات میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں اس لیے بھارت کے پاس یہاں نہ کھیلنے کا کوئی جوازنہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بھارت کے معاملے پر مشاورت کی جائے لہذ ا ان کے فیصلوں کے بغیر کوئی بات آگے نہیں بڑھ سکتی۔ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے بھارت جانے کا بھی حکومت سے پوچھنا پڑے گا ۔شہر یار خان نے کہا کہ سریز نہ ہو نے سے بورڈ کو مشکلات کا سامنا توہو گا لیکن بھارت سے آٹھ سال کرکٹ نہیں کھیلے پھر بھی بورڈ چل رہا ہے ،اگر سال اور نہیں کھیلیں گے تو بورڈ پھر بھی چلتا رہے گا ،آمدنی کم آنے سے فرق نہیں پڑتا ۔نقصانات کے ازالے کے لیے پی سی بی کو اخراجات کم کرنے پڑیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کمیٹی میں مصبا الحق اور یونس خان کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔