پشاور کا گھوسٹ فٹبال کلب برازیل میں نیمار جونئیر پانچ کھلاڑی معرکے میں شرکت کرےگا

اگر کسی نوجوان فٹبالر سے یہ کہا جائے کہ کیا وہ برازیل کے مشہور فٹبالر نیمار جونیئر سے ملنا چاہتا ہے تو وہ ہاں میں جواب دینے میں ذرا بھی دیر نہیں لگائے گا۔ بھلا ایسا موقع کون ہاتھ سے جانے دے گا۔

دنیا کے 35 سے زائد ملکوں کے نوجوان فٹبالرز کو نیمار جونیئر سے ملنے کا موقع اس سال جولائی میں ملنے والا ہے جب وہ برازیل میں نیمار جونیئر فائیو ورلڈ فائنلز میں حصہ لیں گے۔

اس نیمار جونیئر فائیو فٹبال کا اہتمام ریڈ بل نے کیا ہے جو ان دنوں دنیا کےمختلف ملکوں میں اس عالمی مقابلے میں حصہ لینے والی ٹیموں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔

ریڈ بل نے پاکستان سے ایک ٹیم کو برازیل لے جانے کے لیے کراچی لاہور اور اسلام آباد میں ابتدائی مقابلوں کا انعقاد کیا جن میں سے چار ٹیموں کراچی کے سٹیل ٹاؤن کلب، لاہور کے فٹناسٹک فائیو، پشاور کے گھوسٹ کلب اور اسلام آباد کی ہائی لینڈرز اکیڈمی نے کوالیفائی کیا۔

ان چار ٹیموں کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی چیمپئن شپ پشاور کے گھوسٹ کلب نے جیتی اور اب وہی برازیل میں منعقدہ نیمار جونیئر فائیو ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔

ریڈبل کی نیشنل کمیونیکیشن منیجر ماریہ مہیسر نے بی بی سی کو بتایا کہ پاکستان کے نوجوان فٹبالرز کے لیے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ برازیل میں دنیا بھر سے آئے ہوئے دوسرے نوجوانوں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گے اور ساتھ ہی ساتھ انہیں عصر حاضر کے ایک بہت بڑے فٹبالر سے ملنے کا موقع بھی ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عام فٹبال کے ساتھ ساتھ فائیو اے سائیڈ فٹبال بھی بہت مقبول ہو رہی ہے۔

اس طرز کی فٹبال میں ہر ٹیم پانچ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتی ہے اور اس کا میدان اورگول عام فٹبال سے چھوٹا ہے۔

اس کے علاوہ میچ کے دوران جس ٹیم کے خلاف بھی ایک گول ہو جائے اسے اپنا ایک کھلاڑی کم کرنا پڑتا ہے۔

Tags: , ,