وزیراعظم کا دورہ پشاور: غلام بلور سے اہلیہ کی وفات پر تعزیت کی




پشاور(این این آئی)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے پیر کے روز پشاور کا دورہ کرتے ہوئے اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور ممبر قومی اسمبلی حاجی غلام احمد بلور کی اہلیہ کی وفات پر بلور خاندان سے اظہار ہمدردی کیا اور فاتحہ خوانی کی۔وزیر اعظم فاتحہ خوانی کیلئے خصوصی طور پر بلور ہاؤس پہنچے تو حاجی غلام احمد بلور اور اُن کے اہل خانہ نے ان کا خیرمقدم کیا۔ گورنر صوبہ خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان ، پیر صابر شاہ اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ جبکہ اے این پی کے سینئر رہنما حاجی محمد عدیل ، میاں افتخار حسین ، سینیٹر الیاس احمد بلور ، لطیف آفریدی اور سید عاقل شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعظم نے حاجی غلام احمد بلور کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی اور متاثرہ خاندان کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔