وفاقی سرکاری ملازمین کو پنشن کی ادائیگی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وفاقی حکومت نے پنشنرز کی سہولت کے لئے تمام ریٹائرڈ وفاقی سرکاری ملازمین کو پنشن کی ادائیگی براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں 31 مارچ سے قبل گریڈ 17 سے 22 تک کے تمام وفاقی ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو پنشن کی ادائیگی کے لئے براہ راست ان کے فراہم کردہ بینک اکاؤنٹس میں کرنے کے سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ پیر کو سرکاری ذرائع کے مطابق اس ضمن میں نیشنل بینک کی تمام برانچوں میں سہولیاتی کاؤنٹر قائم کئے جا رہے ہیں جہاں پر اس سہولت سے مستفید ہونے کے بارے میں مکمل معلومات اور ضروری دستاویزات دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ اے جی پی آر کے قریبی دفتر سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنشن کے حصول کے نئے نظام کے تحت پنشن کی ادائیگی ماہانہ بنیادوں پر تنخواہ کی طرز پر ہوگی۔ ماہانہ پنشن براہ راست پنشن کے ایک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ پاکستان میں کسی بھی بینک کی برانچ میں پنشن اکاؤنٹ کھلوانے کی سہولت حاصل ہوگی جبکہ پنشن کی وصولی اب پنشن بل کے جھنجھٹ کے بغیر ہوگی۔ اس کے علاوہ چیک یا اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے پنشن وصول کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ حصول پنشن کے نئے نظام (ڈی سی ایس) پر منتقلی کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے ذرائع نے بتایا کہ بینک سے تصدیق شدہ آپشن فارم، 20 روپے کے اسٹام پیپر پر انڈیمنٹی بانڈ نوٹری پبلک سے تصدیق کی کاپی اور فیملی پنشن کی صورت میں بیوہ کے نان میرج سرٹیفیکیٹ کی کاپی سمیت مطلوبہ کاغذات اے جی پی آر میں جمع کروانا ہوں گے۔ مطلوبہ کاغذات اے جی پی آر کی ویب سائیٹ www.cga.gov.pk اور www.agpr.gov.pk کی ویب سائیٹس پر حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اے جی پی آر کے تمام دفاتر سے بھی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ یہ کاغذات اے جی پی آر کے دفتر کو جمع کروا کر بینک سے اپنے پنشن کاغذات کی واپسی کے لئے مراسلہ حاصل کریں اور بینک سے اپنے پنشن کاغذات کی واپسی یقینی بنائیں۔ جمع شدہ فارمز اور پنشن کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد پنشن کی رقم متعلقہ بینک برانچ میں منتقل ہونا شروع ہو جائے گی جسے پنشنر چیک یا اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے نکلوا سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق 31 مارچ 2016ء کے بعد گریڈ 17 سے 22 کے پنشنرز کی پنشن کی ادائیگی پنشن بک سے نہیں کی جائے گی۔