جعفر ایکسپریس کو حادثہ، ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور، ریلوے پولیس اہلکاروں سمیت 20افراد جاں بحق،100 سے زائد زخمی

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) آبِ گم کے سٹیشن کے قریب جعفرایکسپریس پٹڑی سے اترگئی جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق جبکہ100 سے زائد  زخمی  ہوگئے  ہیں جبکہ ٹرین کا انجن اور 5 بوگیاں تباہ ہوگئی ہیں زخمیوں کو بوگیوں سے نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفرا یکسپریس ضلع بولان کے علاقے آبِ گم کے سٹیشن پر پہنچی تو اس کے بریک فیل ہوگئے ۔ بریک فیل ہونے پر ڈرائیور نے ٹرین کو ہنگامی حالات کیلئے بنائی گئی پٹڑی ”جہنم لائن“ پر چڑھا دیا جس پر رکنے کی بجائے ٹرین کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جن میں سے 2 بوگیاں الٹ گئیں۔ ڈی آئی جی ریلوے کے مطابق بوگیاں الٹنے کے باعث ٹرین کے ڈرائیور محمد ایوب ، اسسٹنٹ ڈرائیور وسیم اقبال اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد  جاں بحق ہوگئے  جبکہ 100  سے زائد  مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔ حادثے کے بعد کوئٹہ، سبی اور مچھ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہے جبکہ 103 افراد زخمی ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ایف سی بلوچستان کی کوئیک ری ایکشن فورس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیوآپریشن میں 2 ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں جن کے ذریعے شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے جبکہ ایف سی کی ٹیم کے ساتھ ایمبولنسز بھی موجود ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ٹرین حادثے کے 100 زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ٹرین کے الٹتے ہی مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں جبکہ ایف سی اور دیگر سرکاری اداروں کی امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔لیویز حکام کے مطابق جعفرایکسپریس میں 9 سو سے ایک ہزار افراد سوار ہوتے ہیں۔ ٹرین کی بوگیاں الٹنے کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے اکثر لوگ بوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے  ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ لیویز حکام کے مطابق حادثے کی وجہ سے جعفرا یکسپریس کی 5 بوگیاں اور انجن تباہ ہوگئے ہیں

Tags: , , , , ,