گجرانوالہ:پاک فوج کو لے جانے والے ٹرین کو حادثہ، 17 شہید

گجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے ضلع گجرانوالہ میں ہیڈ چھنانواں کے قریب پل ٹوٹنے سے فوجی دستوں کو لے کر جانے والی اسپیشل ٹرین کی 4 بوگیاں نہر میں جاگریں،جس کے بعد 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی سی پی آر نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خصوصی ٹرین فوجی جوانوں کو کھاریاں لے کر جا رہی تھی جو کہ حادثے کا شکار ہو گئی۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان عاصم باجوہ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی چار بوگیاں نہر میں گر گئیں جس کے نتیجے میں یونٹ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل عامر سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 8 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔


نیوزایجنسیوں کے مطابق پنوعاقل سے کھاریاں جانے والی ٹرین کو اُس وقت حادثہ پیش آیا جب ہیڈ چھناواں کے قریب ایک پل ٹوٹ گیا اور ٹرین کی چار بوگیاں نہر میں جاگریں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا۔

پاک فوج کے جوان بھی جائے حادثہ پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ڈوبنے والے متعدد افراد کو نہر سے نکالا۔
سرکاری حکام کے مطابق نہر میں گرنے والے تقریباً 80 افراد کو نکالا جاچکا ہے جبکہ زخمیوں کو فوجی ہسپتال گجرانوالہ منتقل کردیا گیا۔

امدادی کارروائیوں کے لیے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے کے حکم پر ٹیکنیکل، مکینیکل اور میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ایک ریلیف ٹرین بھی لاہور سے روانہ کردی گئی جبکہ ریسکیو آپریشن میں 2 ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ مذکورہ پل بوسیدہ ہوچکا تھا جبکہ حادثے کے بعد اس روٹ پر ریلوے ٹریفک معطل ہوگیا۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے گجرانوالہ میں ٹرین کو پیش آنے والے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو کاموں کوتیز کرنے اور متاثرہ ٹریک کی فوری بحالی کے احکامات جاری کیے ہیں۔