ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ

وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں آپریشن کی کامیابی سے پیدا ہونے والے ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے مابین ملاقات میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری رہے گا تاکہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے پیدا ہونے والے ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔

وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان دانیال گیلانی نے بتایا کہ منگل کو وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی داخلی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال، دہشتگردی کے خلاف آپریشن اور کراچی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ضرب عضب کو ہر قیمت پر اُس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور مجرموں اور دہشت گردوں کا بلاامتیاز پیچھا کیا جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے فاٹا میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم کو افواج پاکستان پر فخر ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انھوں نے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

ملاقات میں کراچی اور بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بھی زیرِغور آئی۔