Oops! It appears that you have disabled your Javascript. In order for you to see this page as it is meant to appear, we ask that you please re-enable your Javascript!

فیس بک کے دفتری ورژن کا میسنجر متعارف

فیس بک نے دفتری ساتھیوں کے لیے ایک نجی سوشل نیٹ ورک فیس بک ایٹ ورک کے لیے چیٹنگ میسنجر بھی متعارف کرادیا۔

فیس بک ایٹ ورک کے میسنجر کو ورک چیٹ کا نام دیا گیا ہے جس کی مدد سے دفاتر میں کام کرنے والے افراد ایک دوسرے کو انفرادی سطح پر پیغامات بھیج سکیں گے، گروپ چیٹس کا حصہ بن سکیں گے، تصاویر اور ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ وائس کالز اور اسٹیکرز استعمال کرسکیں گے۔

اس اپلیکشن کو فیس بک نے خاموشی سے جمعرات کو گوگل پلے اسٹور پر جاری کیا۔

فیس بک کے مطابق آئی او ایس ورژن کے لیے کام جاری ہے اور وہ جلد سامنے آئے گا۔

فیس بک کے مطابق اس کا یہ دفتری سوشل نیٹ ورک رواں سال کے آخر یا اگلے سال کے شروع میں عوامی سطح پر متعارف کرایا جاسکتا ہے جو کہ مفت استعمال کے لیے ہوگا۔

فیس بک ایٹ ورک پروگرام پر رواں برس جنوری سے کام جاری ہے اور اب تک سینکڑوں کمپنیوں کو اس کا حصہ بنایا جاچکا ہے۔

فیس بک کے مطابق اب تک تین سو کاروباری ادارے اس پلیٹ فارم کو استعمال کررہے ہیں جن میں بینک، ٹریول کمپنیاں، مشروب ساز کمپنیاں اور دیگر شامل ہیں۔

کاروباری اداروں کے لیے فیس بک کا یہ ورژن دیکھنے اور استعمال کرنے میں عام استعمال ہونے والے فیس بک کے ورژن جیسا ہی ہے مگر اس کی ویب سائٹس الگ ہوں گی اور کمپنیوں کو اس پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کے لیے اپنے عملے کے نئے اکاﺅنٹس بنانا ہوں گے۔

یہ صارفین کی مرضی ہوگی کہ وہ اپنے ذاتی اور دفتری اکاﺅنٹ کو اکھٹا کرنے کا لنک منتخب کرسکیں۔

اس پلیٹ فارم پر لوگوں کو دستاویزات شیئرنگ، مباحثے، اعلانات، گروپس، ایونٹس اور دیگر فیچرز دستیاب ہوں گے۔

Tags: , , , , ,